انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی میں دہشت گردوں کی ایک کارروائی کے دوران 5 شہری جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد فورسز کی جانب سے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی صوبے دیاربکر میں بدھ کے روز کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے حملے میں 5 شہری جاں بحق ہوگئے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکام نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے کلپ ضلع میں کار میں سوار ہوکر لکڑی کاٹنے کے لیے جنگل جانے والے 5 افراد پی کے کے تنظیم کے جنگجوؤں کے ہاتھوں نصب دھماکا خیز مواد کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے حملے کے ذمے داروں کی شناخت کرنے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں آپریشن شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب شمالی عراق کے علاقے حفتانین میں ’’پی کے کے‘‘ کے 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ترک وزارت دفاع کے مطابق شمالی عراق کے علاقے حفتانین میں گشت کے دوران علاحدگی پسند تنظیم پی کے کے کے 2 دہشت گردوں کو ایک فضائی کارروائی میں مارا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ترک فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی۔ دریں اثنا ترک خفیہ ایجنسی کے آپریشن میں عراق کے علاقے زاپ میں موجود پی کے کے کا ایک نام نہاد سرغنہ فاضل اقنجی بھی مارا گیا ہے۔
ترکی میں دہشت گردوں کی کارروائی‘ 5 لکڑ ہارے جاں بحق
القمر
