سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر قرنطینہ سینٹر میں مزید 56 افراد کے ٹیسٹ نگیٹو آگئے، گھر بھیجنے کی تیاریاں، قرنطینہ سے اب تک 1018 افراد گھروں کو جاچکے، 117 افراد موجود، سکھر قرنطینہ سینٹر میں گزشتہ دنوں تفتان بارڈر سے لائے گئے افراد میں سے مزید 56 افراد کے ٹیسٹ نگیٹو آگئے ہیں اور انہیں بھی انتظامیہ کی جانب سے ان کے گھروں کو بھیجنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ قرنطینہ سینٹر میں گزشتہ دنوں چار مراحل میں 1135 افراد کو تفتان بارڈر سے لاکر رکھا گیا تھا، جس میں سے مختلف اوقات میں 1018 افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں، تاہم 117 افراد موجود ہیں، جن میں سے 86 افراد کورونا کے مرض میں مبتلا تھے اور 27 نارمل جبکہ 4 کے ٹیسٹ آنا باقی ہیں، تاہم اب ان 117 میں سے 56 کے ٹیسٹ نگیٹو آئے ہیں جن کو بھی گھر بھیجنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور ان کی روانگی کے بعد قرنطینہ میں موجود افراد کی تعداد باقی 61 رہ جائے گی۔ سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور سکھر کے لیے کورونا کے حوالے سے مقرر سندھ حکومت کے فوکل پرسن، صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ نے بھی 56 افراد کے ٹیسٹ نگیٹو آنے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک اور اچھی خبر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سکھر قرنطینہ سینٹر ملک کا واحد مرکز ہے، جہاں سے اتنی بڑی تعداد میں لوگ صحت یاب ہوئے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے قرنطینہ میں رہنے والوں کی خدمت کی، ان کا کہنا تھا کہ 56 افراد کو بھی ان کے گھروں کو بھیجنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ سید اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا مثبت کے شکار 56ا فراد کے دو مرتبہ ٹیسٹ کیے گئے، دونوں ٹیسٹ منفی آئے اور ڈاکٹروں نے صحت یاب قرار دیا۔ صحت یاب ہونے والے 56 مریضوں کو آج گھروں کو روانہ کیا جائے گا۔
سکھر،قرنطینہ سینٹر ،مزید 56 افراد کے ٹیسٹ نیگٹیو ،گھر بھیجنے کی تیاریاں
القمر
