سیالکوٹ (آئی این پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایمرجنسی کیش ٹرانسفر پروگرام انتہائی شفاف ہے ، جس میں حقدار کو اس کے حق کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پروگرام میں بدعنوانی کی کوشش کرنے والے 40افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وبا سے قوم مشکل میں ہے ، ایسے میں غریب طبقے کی سہارا دینے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایمرجنسی کیش ٹرانسفر پروگرام شروع کیا گیا ہے، رقوم کی فراہمی کے معاملے میں شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کر رہے ، اس پروگرام میں سیاسی عمل دخل نہیں، سیالکوٹ میں مستحقین میں 40کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے، جس سے 32817خاندان پروگرام سے مستفید ہوں گے جبکہ ملک بھر میں 13لاکھ 80ہزار خاندانوں میں 16ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ،مستحقین کی آسانی کے لیے وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایات جاری کی ہیں جبکہ بائیو میٹرک میچنگ کے ساتھ چہرے کی شناخت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، آئندہ مرحلے میں دیہاڑی دار مزدوروں اور فیکٹریوں کے ملازمین کے لیے اقدامات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت کے لیے کوشاں ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی ملک کو درپیش ایک اہم چیلنج ہے۔
ایمرجنسی کیش فراہمی پروگرام مکمل شفاف ہے، فردوس عاشق اعوان
القمر
