English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے سے باز رہے،عارف علوی کی زیر صدارت گورنر کانفرنس

القمر

مظفرآباد (صباح نیوز) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے منعقدہ گورنرز کانفرنس جس میں چاروں صوبوں کے گورنرز ، آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور گورنر گلگت بلتستان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ ، مقبوضہ کشمیر میں شہری آبادیوں کے اندر آرٹلری گنوں کی تنصیب مقبوضہ ریاست میں کورونا وائرس کی آڑ میں شہری آزادیوں پر مزید پابندیوں اور متنازع ڈومیسائل قانون کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے بھارت کو غیر قانونی اقدامات سے باز رکھے ۔ گورنرز کانفرنس نے بھارتی فوج کی طرف سے وادی نیلم ، چڑی کوٹ ، نکیال سیکٹر کے علاوہ ورکنگ باونڈری کے شکر گڑھ کے علاقے میں بلا اشتعال اور بلا جواز
بھارتی آرٹلری اور مارٹر گنوں سے گولہ باری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جارحیت سے کورونا کے خلاف جاری کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ کانفرنس میں بھارتی فوج کی طرف سے آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کا کوشش قرار دیا ۔ گورنرز کانفرنس نے بھارتی فوج کی طرف لائن آف کنٹرول کے نزدیک کپواڑہ ضلع میں شہری آبادی کے اندر آرٹلری گنوں کی تنصیب کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کے اس اقدام کو نہتے اور بے گناہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا حربہ قرار دیا ہے ۔ گورنر کانفرنس نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیز کاررائیوں کو خطہ میں امن و سلامتی کے خلاف سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو ایک ایسے وقت میں جنگی ماحول پیدا کرنے سے باز رکھے جب کشمیر کے دونوں حصوں کے عوام کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں ۔ گورنر کانفرنس نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں متنازع ڈومیسائل قانون کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں اور کورونا وائرس کی آڑ میں مزید طرح طرح کی پابندیاں عاید کر کے کشمیریوں کی شہر ی آزادیوں اور اُن کے بنیادی حقوق چھیننے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بھارت کے ان تمام اقدامات کو مسترد کر دیا ہے ۔ گورنر کانفرنس نے اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت نے انسانی حقوق کی چھ عالمی تنظیموں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں قید ہزاروں شہریوں کی فوری رہائی کے مطالبہ پر کوئی توجہ نہیں دی جس سے جیلوں میں قید سیاسی رہنمائوں اور سیاسی کارکنوں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ گورنر کانفرنس سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہمہ وقت مصروف ہے لیکن بھارتی فوج کی طرف سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے شہریوں پر بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ سے حکومت کی کورونا کے خلاف جاری کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ اُنہوں نے گورنر کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت کی بروقت کوششوں سے اب تک صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے