کراچی: جماعت اسلامی کے یوتھ ونگ نے شہر بھر میں عوام کو لاک ڈاؤن کی صورت حال میں ریلیف فراہم کرنے کےلیے الخدمت کے تحت سستی روٹی کا پروجیکٹ شروع کردیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کار مشکل کی اس کھڑی میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کے باوجود عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے ضلع شرقی میں جے آئی یوتھ کے تحت سستی روٹی پروجیکٹ کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا، سستی روٹی پروجیکٹ کو سراہتے ہوئے ان کوششو ں کو سراہا۔
سستی روٹی پروجیکٹ کے تحت صفورا چورنگی، بلاول شاہ نورانی گوٹھ اور جوہر موڑ تندور پر روزانہ ہزاروں افراد کو روٹیاں فراہم کی جا تی ہیں۔ جوہر موڑ تندور صدر جے آئی یوتھ علاقہ گلستان جوہر بلال وارثی، صفورا چورنگی اور بلاول شاہ نورانی گوٹھ کے تندور جے آئی یوتھ یوسی 30کے صدر حمزہ عنایت کی نگرانی میں چل رہے ہیں۔
جوہر موڑ تندور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنےکے لیے 10روپے کی دو روٹی، صفورا چورنگی اور بلاول شاہ نورانی گوٹھ کے تندورں پر 10روپے کی تین روٹی اور 10روپے کا سالن شہریوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کو سستی روٹی اور سالن کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہیں، حکومت کے اقدامات صرف اعلانات اور میٹنگز تک محدود ہے، صوبائی، وفاقی اور شہری حکومت عملی طور پر اقدمات کے بجائے سیاست کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی یوتھ کے کارکنان شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں، جماعت اسلامی اور الخدمت اس مشکل وقت میں شہریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کورونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے متاثر افراد کی دادرسی کیلئے مصروف عمل ہیں۔
