واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی امریکا کی تاریخ میں آنے والی بدترین خشک قحط جیسی صورت حال ایک مرتبہ پھر پیدا ہو رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سائنس دانوں نے اسے میگا ڈراوٹ یا بڑی خشک سالی کا نام دیا ہے جس نے اس خطے کو 2000ء سے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث جہاں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں خشک سالی کے خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ ایک نئے تحقیقاتی مقالے کے مطابق شمالی امریکا میں شدید اور بڑی خشک سالی کا مطلب کئی دہائیوں پر محیط ایک ایسی صورت حال ہے جس میں کچھ ایسے طویل اور شدید دورانیے بھی آ سکتے ہیں جو انیسویں اور بیسویں صدی میں مشاہدے میں نہیں آئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقالے کے مصنفین نے کہا ہے کہ مغربی امریکا میں نویں صدی کے شروع ہونے سے لے کر 2018ء تک خشک سالی کے 40 دور آ چکے ہیں۔ ان میں سے 4 ایسے تھے جو سنگینی کے اعتبار سے میگا ڈراوٹ پر پورے اترتے ہیں۔ یہ نویں، بارہویں، تیرہویں اور سولہویں صدی میں آئے تھے۔ تحقیق میں سب سے اہم عنصر درخت کے تنوں کی تہیں ہیں جن سے گزشتہ 1200 برس میں زمین میں پائی جانے والی نمی کا اندازا لگایا جاتا ہے۔ ماہرین کی ٹیم کو اس کے علاوہ دیگر شواہد سے اندازے لگانے میں مدد ملی ہے۔
امریکا میں بدترین خشک سالی کا خطرہ ہے‘ سائنسدانوں کا انتباہ
القمر
