جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) براعظم افریقا میں کورونا وائرس کے مرض سے اب تک 10 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ 54 افریقی ممالک میں سے 52 ممالک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے 19 ہزار 800 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق افریقا میں کورونا وائرس کے کیسوں میں 51 فیصد تک اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ ہفتے سے اموات میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ افریقی ممالک میں کورونا کی تشخیص کے لیے استعمال کی جانے والی ٹیسٹ کٹس کی کمی کے باعث مجموعی کیسوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب لندن کے امپیریل کالج نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر جمعہ کے روز ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس عالمی وبا سے افریقا میں رواں برس 3 لاکھ تک افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اکنامک کمیشن برائے افریقا کی ایک حالیہ رپورٹ میں مزید خطرناک صورت حال کی نشاندہی کی گئی ہے، جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ براعظم میں کورونا وائرس بلا روک ٹوک پھیل رہا ہے جس سے اندیشہ ہے کہ یہ وبا اس قحط زدہ غریب براعظم میں 3 لاکھ زندگیاں نگل سکتی ہے اور ایک ارب 20 کروڑ لوگوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر افریقی عوام سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کریں تو متاثرین کی تعداد گھٹ کر 12 کروڑ 20 لاکھ ہو سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے اقتصادی کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افریقا کا صحت کا نظام بہت کمزور ہے اور اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے کثیر سرمائے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات میں جب کورونا کا پھیلاؤ زیادہ نہیں ہے، اس وبا کی ٹیسٹنگ، ڈاکٹروں اور عملے کے حفاظتی لباس اور آلات اور مریضوں کے علاج کے لیے کم ازکم 44 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ اگر حالات بگڑ گئے تو ان پر قابو پانے کے لیے 446 ارب ڈالر کی ضرورت ہو گی۔ جمعہ کی صبح تک براعظم افریقا میں عالمی وبا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 18 ہزار سے زیادہ تھی، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ افریقا میں وائرس یورپ کے مقابلے میں کئی ہفتے بعد پھیلنا شروع ہوا ہے۔ اگر اس لحاظ سے موازنہ کیا جائے تو افریقا میں وائرس کے پھیلاؤ کی جو رفتار ہے وہ اس وقت کے یورپ کے مقابلے میں پریشان کن حد تک زیادہ تیز ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے غربت، گنجان آبادیاں، صحت کی سہولتوں کی کمی، اور دیگر مسائل نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔
افریقا میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک
القمر
