English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی، ایک کھرب 50ارب روپے ڈوب گئے،ڈالر مزید2روپے سستا

القمر

کراچی /دبئی/لندن(اسٹاف رپورٹر+خبر ایجنسیاں) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بدترین گراوٹ کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور غیر ملکی ومقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے تیل وگیس شعبے کے شیئرز کی فروخت کے دباؤ کی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس33 ہزار کی نفسیاتی حد سے گرگیا اور انڈیکس 1076.82 پوائنٹس کی کمی سے32422.83 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ76.10 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 56 ارب 35 کروڑ 86 لاکھ روپے کانقصان اٹھانا پڑاجبکہ کاروباری حجم بھی پیر کے مقابلے میں15.19 فیصد کم رہا،گزشتہ روز مارکیٹ مجموعی طور پر3.2 فیصد گری جبکہ ڈالر کی قیمت میں مزید 2روپے کمی کے ساتھ 161.13روپے پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بحرانی کیفیت اور اس کے نتیجے میں عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے اثرات کو دیکھتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھی مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا دباؤ دیکھنے میں آیا جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 32296پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا ،بعد ازاں ریکوری آنے سے 32300اور 32400 کی نفسیاتی حد یں بحال ہوگئیں لیکن مندی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1076.82 پوائنٹس کی کمی سے 32422.83 پوائنٹس پر بند ہوا ،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی 578.44 پوائنٹس کی کمی سے 14233.23 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس583.26 پوائنٹس کی کمی سے 22881.87 پوائنٹس پر بند ہوا ،گزشتہ روز مجموعی طور پر339 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے70 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 258 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور11 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ، بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب 56ارب 35 کروڑ86 لاکھ روپے کی کمی سے 61 کھرب3 ارب76 کروڑ 95 لاکھ روپے ہوگئی۔ منگل کوحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی33 کروڑ91 لاکھ54 ہزار شیئرز رہا جو پیر کے مقابلے میں6کروڑ75لاکھ2 ہزارشیئرز کم ہے ، قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے لحاظ سے فلپ مورس کے حصص کی قیمت145.48 روپے کے اضافے سے 2086.99 روپے اورپاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 39.99 روپے کے اضافے سے1649.80 روپے ہوگئی جبکہ نمایاں کمی کے لحاظ سے یونی لیور فوڈز کے حصص قیمت 570 روپے کمی سے7030 روپے اور رفحان میظ کے حصص کی قیمت 334.43 روپے کمی سے 6535.57 روپے ہوگئی۔ نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے میپل لیف ، فوجی سیمنٹ ،حیسکول پیٹرول، ڈی جی خان سیمنٹ ،پائینر سیمنٹ ،چراٹ سیمنٹ یونٹی فوڈز،کے الیکٹر ک ، اینگرو فرٹیلائزراورہم نیٹ ورک کے شیئرز سرفہرست رہے ۔دوسری جانب مقامی کرنسی مارکیٹوں میں منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور انٹر بینک میں 2.36روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 2روپے کی کمی سے ڈالر 161 روپے کی سطح پر آگیا ،ڈالر کی قدر میں کمی سے ملکی قرضوں کے بوجھ میں مزید600ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر2.36روپے کمی سے 161.13 روپے پر بند ہوا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید2روپے کمی سے162.50 روپے سے گھٹ کر 160.50 روپے اور قیمت فروخت163.50 روپے سے گھٹ کر161.50 روپے ہوگئی، دیگر کرنسیوں میں یوروکی قیمت خرید 170 روپے سے گھٹ کر169 روپے اور قیمت فروخت 172 روپے سے گھٹ کر171 روپے ہوگئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید196 روپے سے گھٹ کر191 اور قیمت فروخت198 روپے سے گھٹ کر 193 روپے ہوگئی،سعودی ریال کی قیمت خرید 41 روپے سے گھٹ کر 40.40 روپے اور قیمت فروخت 41.50 روپے سے گھٹ کر40.80روپے ہوگئی جب کہ یواے ای درہم کی قیمت خرید 42.50 روپے سے گھٹ کر41.50 روپے اور قیمت فروخت 43 روپے سے گھٹ کر42 روپے ہوگئی۔علاوہ ازیںیورپین اور سعودی عرب کی زیر قیادت خلیجی ملکوں کی اسٹاک مارکیٹس میںمندی رہی جس کی وجہ رات گئے امریکی خام تیل کے نرخوں کا منفی 37.63 ڈالر فی بیرل تک گرجانا ہے۔سعودی عرب کا تداول اسٹاک انڈیکس جو کہ عرب دنیا کا سب سے بڑا انڈیکس ہے، منگل کو تجارتی سرگرمیوں کے آغاز پر ہی 2.1 فیصد گرگیا تاہم امریکی آئل مارکیٹ کچھ بہتر ہونے کے بعد وہ 0.9 فیصد کمی پر آگیا۔سعودی آئل کمپنی آرامکو کے شیئرز نے نرخ 1.3 فیصد گر گئے جو کہ اس کی لسٹنگ پرائس سے بھی کم ہے۔دبئی کی فنانشل مارکیٹ 2.3 فیصد گرگئی جبکہ ابوظہبی انڈیکس میں 2.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔قطر سٹاک مارکیٹ میں 0.7 فیصد، کویت پریمیئر انڈیکس میں 1.3 فیصد ،کویت آل شیئرز انڈیکس میں 1 فیصد، سمال مسقط انڈیکس 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بحرین سٹاک انڈیکس گزشتہ روز کی سطح پر فلیٹ رہا۔لندن کا ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس منگل کو ابتدائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران 1.7 فیصد گر کر 5713.70 پوائنٹ رہا۔فرینکفرٹ کا ڈی اے ایکس 30 انڈیکس 2 فیصد گر کر 10462.56 پوائنٹ جبکہ پیرس کا سی اے سی 40 انڈیکس 2 فیصد کمی کے ساتھ 4437.84 پوائنٹ رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے