English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیتن یاہو کا حریف سے سمجھوتا ،باری باری وزیراعظم بنیں گے

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل میں گزشتہ ایک سال سے جاری سیاسی بحران کے دوران میں صہیونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے آخر کار تنہا حکومت سازی کی تمام کوششوں میں ناکامی کے بعد اپنے حریف سابق فوجی سربراہ بینی گینٹس کے ساتھ اتحادی حکومت کے قیام کا معاہدہ کرلیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں سیاسی شخصیات میں 3 سال کے لیے معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت آیندہ 18 ماہ تک بنیامین نیتن یاہو ہی اسرائیل کے وزیر اعظم رہیں گے جب کہ اکتوبر 2021ء میں بینی گینٹس وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھال لیں گے۔بینی گینٹس بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ ہیں جب کہ اس وقت پارلیمان کے اسپیکر کا عہدہ ان کے پاس ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو پر عائد کیے گئے بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات میں مزید تاخیر ہو جائے گی۔ نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ پارٹی نے گزشتہ ایک سال میں 3 بار عام انتخابات میں بینی گینٹس کی جماعت بلیو اینڈ وائٹ کا سامنا کیا تاہم دونوں جماعتوں میں کسی کو بھی حکومت سازی کے لیے درکار 120 رکنی ایوان میں 61 نشستیں حاصل نہ ہو سکیں۔ گزشتہ ماہ کے آغاز میں اسرائیل میں ایک سال کے عرصے میں تیسری بار الیکشن ہوئے تھے ۔ ان انتخابات میں کسی جماعت کو سادہ اکثریت نہ ملنے پر اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ چوتھی بار بھی انتخابات ہو سکتے ہیں، تاہم کرونا وائرس کے باعث دونوں سیاسی حریف اتحادی حکومت کے قیام پر راضی ہوئے۔ نیتن یاہو نے معاہدے پر دستخط کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اسرائیل کی ریاست میں ہنگامی حالات میں قائم ایک قومی حکومت ایسے اقدامات کرے گی جس سے شہریوں کی زندگی اور معمولات کو محفوظ بنایا جا سکے۔ دوسری جانب بینی گینٹس کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کا دفاع کریں گے ۔ کرونا وائرس سے مقابلہ کیا جائے گا۔ ہمیں اسرائیل کے تمام شہریوں کے حالات کی فکر ہوگی۔ معاہدے کی رو سے اتحادی حکومت کے ابتدائی چھ ماہ کو ایمرجنسی حکومت کہا گیا ہے جس میں کرونا وائرس سے نمٹنے اور اس کے بعد کے معاشی مشکلات کو حل کیا جائے گا۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بینی گینٹس کی جماعت کو اتحادی حکومت میں کئی اہم وزارتیں ملیں گی جن میں دفاع بھی شامل ہے۔ بلیو اینڈ وائٹ پارٹی اور لیکوڈ پارٹی میں ہونے والے معاہدے کے تحت بینی گینٹس کو نامزد وزیر اعظم کا درجہ حاصل ہوگا جب کہ 18 ماہ بعد جب وہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیں گے تو بن یامین نیتن یاہو کا کوئی وفادار ساتھی پارلیمان کے اسپیکر کا عہدہ سنبھالے گا جو کہ اس وقت بینی گینٹس کے پاس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے