ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی حکام نے مسجد الحرام میں بیت اللہ کے گرد گزشتہ ماہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لگائی گئیں حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حرمین شریفین کے انتظام کے ذمے دار محکمے کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے رمضان المبارک کے دوران میں مسجد الحرام میں جراثیم کش اسپرے کا چھڑکاؤ اور صفائی کا عمل جاری رہے گا۔ حرمین شریفین کے امور کا محکمہ اعلیٰ حکام کے ساتھ رابطے کے ذریعے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اختیار کیے گئے حفاظتی اقدامات و تدابیر اور ان کے موثر ہونے کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور ان ہی کی بنیاد پر رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ مسجد الحرام اور اس کے بیرونی صحنوں میں ساڑھے 3 ہزار سے زیادہ ملازمین دن رات صفائی ستھرائی کا کام کررہے ہیں اور یہ سلسلہ رمضان المبارک میں بھی جاری رہے گا۔ دوسری جانب سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات میں رمضان المبارک کے دوران اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے۔ انہوں نے ماہ صیام کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی حکومت مشکل صورت حال پر قابو پانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک میں سعودی عوام اور دنیا کی اقوام کے لیے بہتری اور سلامتی کی خوشخبریاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کے حضور گڑگڑائیں گے کہ وہ ہم پر ار پوری دنیا پر سے ہر قسم کی آفت و بلا سے اٹھا لے۔ واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کے روز مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے دوران میں نماز تراویح کی 20 کے بجائے 10 رکعت ادا کرنے کی منظوری دی تھی۔
بیت اللہ کے گرد لگائی گئی حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ
القمر
