اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔انہوں نے دنیا کوخبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کے پار سے دراندازی کے تازہ ترین بے بنیاد بھارتی الزامات اس خطرناک ایجنڈے کا تسلسل ہیں۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد مقامی اور کشمیریوں پر بھارتی جبر ودرندگی کا براہ راست نتیجہ ہے۔ آر ایس ایس۔ بی جے پی اتحاد کی فاشسٹ پالیسیوں نے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ عالمی برادری بھارت کی کسی احمقانہ حرکت کے نتیجہ میں جنوبی ایشیا کی امن و سلامتی کو خطرے سے قبل اپنی بے عملی ترک کرے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس( آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بھارت فالس آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے،عمران خان
القمر
