ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ریلوے لائن پر سونے والے 17 مزدوروں کو ریل گاڑی نے کچل ڈالا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ حادثہ ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آبادریلوے اسٹیشن کے قریب جمعہ کی صبح ساڑھے 6 بجے پیش آیا۔ غریب مزدور لاک ڈاؤن کے سبب پیدل گھروں کو جارہے تھے کہ تھک کر سوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اورنگ آباد جالنا ریلوے لائن پر ہوا ہے۔ مرنے والے تمام مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ کارماڈ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال پہچایا۔ ہلاک ہونے والے مزدور بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے واپس آ رہے تھے۔ ایک اسٹیل فیکٹری میں کام کرنے والے یہ سبھی مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے آبائی گھر جانے کے لیے 45 کلو میٹر پیدل چل کر کارماڈ آئے تھے، تھکان زیادہ ہونے پر وہ پٹڑی پر ہی سو گئے اور اچانک ان کے اوپر مال گاڑی گزر گئی۔ نیند میں ہونے کی وجہ سے کسی کو بھی سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ مرنے والوں میں مزدوروں کے بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 20 مزدور شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے 5کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ اطلاع کے مطابق مزدوروں کو دیکھنے کے بعد ڈرائیور نے مال گاڑی کو روکنے کی کافی کوشش کی، لیکن ٹرین وقت پر نہیں رک پائی۔ حادثے کے بعد ٹریک پر مزدوروں کی لاشوں کے ساتھ سامان اور روٹیاں بھی بکھر گئیں، جو انہوں نے کھانے کے لیے اپنے ساتھ رکھی تھیں۔ مرنے والوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقے پہنچا دی گئی ہیں۔ ٹرین حادثے پر وزیراعظم نریندر مودی نے دکھ کا اظہار کرنے پر اکتفا کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اورنگ آباد میں ریلوے حادثے میں جان مال کے نقصان سے بے حد دکھ پہنچا ہے۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل سے بات کی ہے، وہ حالت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی ریاست اتر پردیش سے نئی دہلی جانے والی فراکا ایکسپریس کے انجن سمیت 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں، جس کے باعث 17 افراد ہلاک اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
بھارت ،ریل گاڑی نے 17 مزدوروں کو کچل ڈالا
القمر
