English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت میں کورونا سے 22سو ہلاکتیں، برطانیہ میں لاک ڈاؤن نرم

القمر

نئی دہلی/لندن/بیجنگ /واشنگٹن/ماسکو(آن لائن+اے پی پی) بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 67152 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2206 اموات ریکارڈ ہوئیں ۔ بھارتی وزارت صحت نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ 20917 افراد کو صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈائون میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ جبکہ برطانیہ نے بدھ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔پیر کے روز برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نجی چینل پر گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ شہری بدھ سے باہر نکل سکتے ہیں۔ پارک میں جا سکتے ہیں، ڈرائیونگ کر سکتے ہیں اور کھیل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیکن آپ کو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ہی کھیلنا ہو گا۔ برطانوی وزیر اعظم نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو سماجی دوری کے اصولوں پر بہر صورت پابند رہنا ہو گا۔ادھرچین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس دوبارہ نمودار ہوا ہے جہاں 5 متاثرہ افراد کی اطلاع ملی ہے ۔ چین نے 3 ماہ سے زاید لاک ڈاؤن کے بعد ووہان اور دیگر شہروں سے کورونا کا خاتمہ کر دیا تھا اور 3 اپریل کے بعد ووہان میں کوئی کیس نہیں ملا،پانچوں متاثرہ افراد کو مشتبہ کیسز کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے کیوں کہ بظاہر ان میں کورونا کی کوئی علامات موجود نہیں ہیں۔ادھر امریکی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل مائیک گیلڈے وہائٹ ہائوس کورونا وائرس ٹاسک فورس کے بعض ارکان میں کورونا کی تشخیص کے بعد سیلف قرنطینہ میں چلے گئے۔ امریکی بحریہ کے سربراہ نے ان افراد کے ساتھ رابطے میں رہنے کے باعث سیلف قرنطینہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب روس میں کورونا وائرس وبا مزید تیزی سے پھیلنے کا شدید خدشہ پیدا ہوگیا ہے جہاںوائرس سے مثبت افراد کی تعداد 221344 سے تجاوز کر گئی جس میں سے 11656 نئے کیس ایک دن میں ریکارڈ ہوئے جبکہ 2009 اموات ہو چکی ہیں ۔ مزید برآں نیوزی لینڈنے کورونا وائرس پرقابو پانے کے بعد14 مئی سے مالز ، سینما گھروں ، کیفے اور جیموں سمیت نیوزی لینڈ کے کاروباری اداروں کو جمعرات سے دوبارہ قوانین پر عمل کرتے ہوئے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 34 ہزار سے زاید ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد2 لاکھ 86ہزار سے تجاوز کر گئی۔ 15 لاکھ 19 ہزار سے زاید افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے