میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ہیکر نے جاوید کمیونیکیشن کے ایچ بی ایل کونیکٹ کے اکائونٹ کو ہیک کر کے ایک لاکھ 90 ہزار روپے نکال لیے، ہیکر نے یہ کارروائی ملتان سے کی ہے۔ میرپور خاص کے کمپری ہینسیو ہائی اسکول میں قائم احساس کفالت پروگرام کے نجی بنک ایچ بی ایل کنیکٹ کے ایجنٹ جواد راجپوٹ کے اکائونٹ کو نامعلوم ہیکر نے اکائو نٹ سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے منتقل کر کے چار مختلف بلوں کی ادائیگی کی۔ اس حوالے سے جاوید کمیونیکیشن کے جواد احمد نے بتایا کہ میرا اکائونٹ ایچ بی ایل کونیکٹ کا ہے، جس کے ذریعے پیسے بھیجنے، وصول کرنے اور یوٹیلیٹی بلز جمع کرنے کے کام میں استعمال کرتے ہیں، گزشتہ روز احساس کفالت پروگرام سے مستحقین کو ادائیگی کر کے اکائونٹ میں ایک لاکھ 90 ہزار روپے بچے تھے، صبح جب اکائونٹ کھولا تو رقم غائب تھی اکائونٹ کی تفصیل لی تو معلوم ہوا کہ پنجاب کے شہر ملتان سے نامعلوم ہیکر نے میرا اکائونٹ ہیک کر کے اس سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے کونیکٹ اکائونٹ میں منتقل کر کے ان پیسوں سے پندرہ ہزار بجلی کی ٹرانزیکشن کی جبکہ ایک نجی ادارے این آر ایس پی کو دو مرتبہ 65 ہزار روپے کی قسطیں جمع کرائی گئیں اور پچاس ہزار کا لوڈ بھیجا گیا۔ اس فراڈ اور جعلسازی کیخلاف ہم نے ایف آئی اے میرپور خاص سے رابطہ کیا ہے، عید کے بعد اس ہیکر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایچ بی ایل کونیکٹ کا اکائونٹ ہیک، ایک لاکھ 90 ہزار روپے نکال لیے
القمر
