نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی نیوز ایجنسی یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل نے مودی کوہٹلر سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہٹلر نے جرمنی میں کیاوہی مودی سرکار بھارت اور مقبوضہ کشمیرمیں کررہی ہے۔ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم اور مقبوضہ کشمیر میں جارحیت پر امریکی نیوز ایجنسی نے مودی کا سفاک چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کرنے والا مودی ہٹلر ہے۔ کرنل ریٹائرڈ ویس مارٹن نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ بھارت میں کورونا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف مہم تیز کردی گئی۔ انہیں سڑکوں پر مارا گیا اور انہیں اسپتالوں میں علاج کی سہولت بھی نہیں دی جا رہی۔ ویس مارٹین کے مطابق مودی اوربی جے پی نے ا لزام لگایا کہ مسلمان کورونا وبا پھیلا رہے ہیں، جس کے باعث مسلمانوں کے لیے دوہرا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اورپولیس مسلمانوں کو احتجاج بھی نہیں کرنے دے رہی اور اس صورتحال میں دنیا چند الفاظ اداکرنے کے سواکچھ نہیں کررہی۔ مسلمانوں پر مودی کے مظالم پر ویس مارٹین کا کہنا تھا کہ اگست 2019ء میں مقبوضہ کشمیرکا آئینی درجہ تبدیل کرکے یونین علاقہ بنایاگیا، جو محاصرے کا نکتہ آغاز تھا۔ مضمون میں مزید کہا گیا ہے کہ چیک و سلواکیہ پرہٹلر کے قبضے سے پہلے جرمنوں نے وہاں افراتفری پھیلائی تھی، تاہم جیسا جرمنوں نے کیا وہی بھارتی اہل کار مقبوضہ کشمیر میں کررہے ہیں۔ یہی نہیں اس کے بعد دسمبر 2019ء میں مودی نے بھارت میں مسلمان آبادی سے شہریت کاحق بھی چھین لیا۔ یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل کے مطابق جیسے ہٹلر نے یہود کے لیے کیمپ بنائے، ویسے ہی مودی نے مسلمانوں کے لیے بھی بنادیے ہیں۔ ویس مارٹین نے اپنے مضمون میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ، امریکا اور مغربی یورپ کیمپوں کے معاملے پرخاموش ہیں، حالاں کہ عالمی برادری کو مودی پر دباؤ ڈالنا چاہیے، اور بھارت میں مسلمانوں پر مظالم اور ان کی نسل کشی روکی جانی چاہیے۔
مسلمانوں پر مظالم مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دے دی گئی
القمر
