English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراق ،امریکا کے ساتھ مذاکرات سے قبل ملیشیا کے دفاتر بند

القمر

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کی ایک تنظیم عصائب اہل الحق کا کہنا ہے کہ تنظیم نے ملک کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں قائم تمام دفاتر بند کردیے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عصائب اہل الحق کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ تنظیم کے سربراہ قیس خزعلی نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر کہا ہے کہ تنظیم کے بعض دفاتر کو سرکاری اور مقامی سیاسی شخصیات کی غیرملکی طاقتوں کے ایجنڈے اور منصوبوں میں تعاون اور عراق میں عسکری گروپوں کے مراکز کو نذرآتش کرنے کے واقعات کے تناظرمیں بند کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عراق میں بغداد اور واشنگٹن کے درمیان تزویراتی مذاکرات کا پہلا دور شروع گیا۔ اس بات چیت کے طریقہ کار کے حوالے سے عراق میں داخلی سطح پر سیاسی اختلاف پایا جاتا ہے۔ عراق اور امریکا کی وزارت خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کی۔ عراق میں سنی سیاست دانوں نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے معاملے میں شیعہ سیاست دانوں کے انفرادی طرز عمل پر نکتہ چینی کی ہے اور انہوں نے اس بات چیت کے انتظامی امور کے سلسلے میں وزیراعظم مصطفی الکاظمی کی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے عراقی سیاست دان منقسم ہیں۔ ایک طبقے کا اصرار ہے کہ عراقی اراضی سے غیر ملکی اور امریکی افواج کے انخلا کی تاریخ مقرر کی جائے۔ جب کہ دوسرا طبقہ اس کی تائید نہیں کرتا۔ یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تعین کے لیے تزویراتی لائحہ عمل اور سلامتی سے متعلق سمجھوتوں پر دستخط کے تقریباً 12 برس بعد ہورہے ہیں۔ عراقی حکومت میں وزیر خارجہ کو ذمے داری سونپے جانے پر رائے شماری نہ ہونے کے سبب امریکی وزیر خارجہ فریقین کے درمیان بات چیت کے نگران ہیں۔ اس بات چیت سے قبل ایرانی وزیر توانائی رضا ارکادنیان کی قیادت میں ایک وفد نے بھی بغداد کا دورہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے