English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جرمنی میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی کاروں پر اضافی ٹیکس

القمر

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن حکومت نے زیادہ دھواں خارج کرنے والی کاروں پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماحول آلودہ کرنے والی کاروں پر زیادہ ٹیکس ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اصلاحاتی منصوبے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جرمن حکومت کا موٹر وہیکل ٹیکس میں تبدیلی کا نفاذ 2021ء سے ہوگا۔ اس سلسلے میں چانسلر انجیلا مرکل کی کابینہ نے حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیر خزانہ اولاف شولس نے ماحول آلودہ کرنے والی کاروں پر زیادہ ٹیکس کی تجویز پیش کی تھی۔ اس اضافے سے جرمن خزانے میں بظاہر معمولی اضافے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ ماحول دوست سیاسی جماعت گرین پارٹی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی کاروں پر ٹیکس کی شرح بہت زیادہ نہیں ہے۔ علامتی ٹیکس کے نفاذ کو ماحولیاتی پالیسی کا حصہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ اس پارٹی نے دھواں زیادہ خارج کرنے والی کاروں کے مالکان پر زیادہ مالی جرمانوں کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ اسی طرح جرمن فیڈریشن برائے تحفظِ ماحول و فطرت نے بھی اس ٹیکس کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے اس کی شرح حقیقی اخراج کے مطابق کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک اور سیاسی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) نے بھی اس ٹیکس کے نفاذ پر تنقید کی ہے۔ ایف ڈی پی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے اقتصادی بحران کے دوران اس ٹیکس کے نفاذ سے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور یہ کوئی بہتر فیصلہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے