English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بحرہند میں چینی عسکری قوت میں اضافہ‘ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار

القمر

بیجنگ ؍ نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین اور بھارت کے مابین جاری سرحدی کشیدگی کے دوران جہاں نئی دہلی حکومت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، وہیں چین نے بھارت کو سبق سکھانے کے لیے بحر ہند میں فوجی قوت بڑھانا شروع کردی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق گزشتہ ماہ کی سیٹلائٹ تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ چین جبوتی میں فوجی اڈے کو جدید بنا رہا ہے اور لاجسٹک سپورٹ یونٹ کی حیثیت سے اسے ایک بڑے بحری اڈے میں بدلنے پر کام جاری ہے۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کا کہنا ہے کہ جبوتی کمپاؤنڈ معمولی فوجی اڈا نہیں، یہاں تقریباً 10 ہزار فوجی رہ سکتے ہیں۔ موجودہ صورت حال کو بھانپتے ہوئے بھارتی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چین نے آبدوزوں، انٹیلی جنس اور جہازوں کی بڑی تعداد بحرہند کے مختلف علاقوں میں بھجوائی ہے جب کہ بھارتی میڈیا میں بھی مودی سرکار پر شدید تنقید کرنے کے ساتھ کہا جا رہا ہے کہ حکومت چین کے ساتھ کشیدگی کے معاملے میں نہ صرف شدید دباؤ کا شکار ہے بلکہ چین کو جواب دینے سے قاصر ہے۔ دوسری جانب چین اور بھارت کے مابین سرحدی کشیدگی تاحال جاری ہے اور دونوں ممالک کی افواج اب بھی کئی سرحدی علاقوں میں آمنے سامنے موجود ہیں، تاہم بھارتی فوج کے سربراہ کا دعویٰ ہے کہ صورت حال پوری طرح سے کنٹرول میں ہے اور اس سلسلے میں چین سے بات چیت جاری ہے۔ بھارتی فوجی سربراہ جنرل منوج مکند نروانے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے بعد سرحد پر صورت حال پوری طرح سے کنٹرول میں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے