English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا،پولیس اصلاحات میں گلا دبوچنے پر پابندی

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پولیس اہل کار کے ہاتھوں افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلوئیڈ کو گلا گھونٹ کر ہلاک کیے جانے کے واقعے کے بعد 2 ہفتوں سے جاری پُرتشدد احتجاج کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پولیس اصلاحات سے متعلق جو حکم نامہ جاری کیا ہے، اس میں سوائے ناگزیر حالت کے کسی شخص کا گلا دبا کو اسے جان سے مارنے کی سخت ممانعت کی گئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ٹرمپ نے منگل کے روز پولیس اصلاحات کے حوالے سے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے حملوں کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین ملاقات کی۔ امریکی صدر کی طرف سے منظور کردہ پولیس اصلاحات میں واضح کیا گیا ہے کہ جب تک پولیس اہل کار کی جان کو خطرہ نہ ہو کسی شخص کا گلا گھونٹنے کا کوئی جواز نہیں ہوگا۔ اگر پولیس کو ایسا کرنا پڑے تو اسے یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ ملزم کی طرف سے اسے شدید خطرہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہزاروں امریکی پولیس یونٹوں کو اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار پر کاربند رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملازمتیں پیدا کیں اور سیاہ فام شہریوں میں بے روزگاری کم کی۔ پولیس کے ذریعے ہم نے جرائم کی شرح میں کمی کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پولیس کے محکمے کے لیے مالی اعانت میں کمی کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ تمام امریکی ریاستوں میں نظام زندگی کو بحال کرنا ہوگا۔ امریکی عوام قانون کی بالادستی اور انصاف چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی معاشرے میں مزید تقسیم کے خواہاں نہیں ہیں۔ سلامتی کی جلد بحالی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق دور میں صدر بارک اوباما اور نائب صدر جوبائیڈن نے پولیس میں اصلاحات کے لیے کچھ نہیں کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے