ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)ضلع کونسل عمرکو ٹ کا سال 2020-21 ء کا بجٹ اجلاس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ ڈاکٹر سید نور علی شاہ کی زیر صدارت سوریہ بادشاہ کمپلیکس ہال میں منعقد کیا گیا۔اس موقع پر بجٹ کمیٹی کے چیئرمین اور ضلع کونسل کے ممبرنواب یونس ٹالپر نے سال 2020-21ء کا ٹیکس فری بجٹ 469821927 روپے کاپیش کیا۔اس موقع پر انہوںنے اجلاس کو بجٹ کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کونسل سال 2020-21ء کا ٹیکس فری اور عوامی بجٹ پیش کیا گیا ہے جس میں نئی ترقیاتی اسکیموں کی مد میں 171000000 ، جاری ترقیاتی اسکیموں کی مد میں183000000 ،اوپنگ بلینس235000000روپے جبکہ سال کی آمدنی 234829376 روپے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں65906927 روپے ، ریٹائر ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 12500000 روپے ،پریس کلب کی گرانٹ کی مد میں 3,00,000 روپے ،اسکالر شپ کی مد میں 100,00,000 روپے اور قدرتی آفتوں کی مد میں 5000000 رکھے گے ہیں۔اس موقع پرچیئرمین ڈاکٹر سید نور علی شاہ نے تمام ممبران کی اتفاق رائے سے ضلع کونسل عمرکوٹ کی سال 2020-21 ء کی ٹیکس فری بجٹ کی منظوری دی۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ ڈاکٹر سید نور علی شاہ نے کہا کہ ضلع کونسل نے پچھلے چار سال میں اپنی بہتر کارکردگی پیش کی ہے جس میں صحرائے تھر کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو پینے کی صاف پانی کی مختلف اسکیمیں فراہم کی ہیں جس میں واٹر ٹینک ، سولر پمپس شامل ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہمارے منشور میں شامل ہے کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کے گھروں کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔اس موقع پر انہوںنے مزید کہا کہ ضلع میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھی ضلع کونسل عمرکوٹ اپنا مکمل کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر ڈولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شاہ نواز جونیجو نے اجلاس کو بتایا کہ سال 2016-17ء میں کل 153اسکیمیں، سال 2018-19ء میں 147 اسکمیں جبکہ سال 2019-20ء میں کل 120 اسکیمیں ضلع کونسل عمرکوٹ کی طرف سے فراہم کی گی ہیں اور رواں سال جاری ترقیاتی اسکیموں کا کام 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمن میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گی ہیں جو کہ فیلڈ میں اپنا کام کر رہی ہیں جس میں پاک آرمی ، ضلع انتظامیہ اور دیگر منسلک محکموں کا مشترکہ تعاون شامل ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بہتر سے بہتر اقدامات کر رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کی زمینوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل حاجی محمد بقا پلی، ایس ایس پی عامر عباس شاہ، ضلع کونسل کے ممبران اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔
ضلع عمرکوٹ کا 469821927 روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش
القمر
