دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر اسدی فوج کے ٹھکانوں پر بم باری کردی، جس میں کم از کم 15 فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ اسد حکومت نے ایک بیان میں ان حملوں کی تصدیق کی، تاہم اس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 2فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔ مقامی ذرائع نے جرمن خبررساں اداروں کو بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 15 ہے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی شام میں ایران سے آنے والے ایک اسلحہ برادر ٹرک کو نشانہ بنایا۔ جب کہ جنوبی صوبے سویدا میں میزائلوں کی مرمت اور جوڑنے کے لیے استعمال ہونے والے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ایرانی ملیشیا کے 5 عناصر ہلاک اور مشرقی شام میں ایک عسکری ملیشیا کا مرکز تباہ کردیا گیا ہے۔اسدی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ فضائی دفاع نے سویدا شہر کے نواحی علاقے تل الحصن اور دیر الزور میں کباجب کے مقام پراسرائیلی طیاروں کا فضائی حملہ ناکام بنا دیا۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سویدا کے مقام پر بمباری میں 4 اسرائیلی طیاروں نے حصہ لیا۔ اسرائیلی طیاروں نے مشرقی صوبے میں اس وقت بمباری کی، جب ایران سے ایک اسلحہ بردار ٹرک شام پہنچا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جون کو اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 9 ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب شامی حزب اختلاف کے اہم کمانڈر کرنل عدنان بقار شمالی قصبے اعزا میں ایک مسلح حملے میں مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اعزاز کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔
شام ،اسرائیلی حملے میں 15 فوجی ہلاک و زخمی
القمر
