English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول کی قیمت آج بھی کم ہے ، ہم نے 40 روپے کم بھی کیے تھے ، اسد عمر

القمر

 

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت25 روپے بڑھ جانا بڑا اضافہ ہے تاہم 40 روپے کم بھی کیے تھے‘ وہ بھی دیکھیں‘ آج بھی پیٹرول کی قیمت فروری کے مقابلے میں کم ہے‘ مو جودہ بجٹ وزیراعظم کے الیکشن سے زیادہ اکثریت سے منظور ہوا‘ اپوزیشن کے تمام دعوے اور افلاطون اینکرز کے تجزیے غلط ثابت ہوئے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں غیرمعمولی تبدیلی آئی‘ عالمی منڈی میں تیزی سے قیمتیں نیچے اور پھر اوپر گئیں‘ اپنی ترجیح سمجھ کر بلوچستان کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے‘ اتحادی جماعتوں کے لیے
دروازے آج بھی کھلے ہیں۔ علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کا خصوصی اجلاس پیر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں کراچی کے عوام کے لیے بجلی کی قلت دور کرنے کے لیے بجلی کی طلب اور رسد کی صورتحال اور اس کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا‘ کراچی الیکٹرک کے سی ای او نے بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے کمپنی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی وضاحت کی۔ وزارت بجلی نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی الیکٹرک کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کراچی کے عوام کو بجلی کی مناسب فراہمی دستیاب ہو۔ اسد عمر نے اجلاس میں فیول سپلائی چین سے متعلق امور جس کی بنا پر کراچی میں بحران پیدا ہوا اور اس کی وجوہات جاننے کے لیے شہزاد قاسم کی زیر نگرانی ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ اسد عمر نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کی مستقبل میں بجلی کی ضروریات کے سلسلے میں کے الیکٹرک سے باقاعدہ رابطہ میں رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے