مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جبل حلحول کے مقام پر ایک نئی کالونی کی تعمیر شروع کی ہے ۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے جبل الحلحول پر دھاوا بولا اور پہاڑی علاقے میں ایک نئی یہودی کالونی کی تعمیر کے لیے بھاری مشینری کے ساتھ کھدائی شروع کردی۔ واضح ہے کہ جبل حلحول کو جبل الجمجمہ اور جبل جالس بھی کہا جاتا ہے ۔ یہ علاقہ اسرائیل کی جانب سے قائم کی گئی شاہراہ 60 کے ساتھ واقع ہے۔ اس میں حلحول اور سعیر 2 اہم مقامات ہیں اور اکثر یہاں یہودی آباد کار دھاوے بولتے اور فلسطینیوں کی اراضی اور املاک پرقبضے کی کوشش کرتے ہیں۔ دریں اثنا انتہا پسند یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے جنوب میں واقع مدامہ قصبے میں پانی کا ایک کنواں ضبط کر لیا۔ مقامی عہدیدار غسان دغلس نے بتایا کہ غیرقانونی آبادکاروں نے مدامہ قصبے میں مقامی لوگوں میں مشہور الشاعرکنویںکو ضبط کر لیا اور وہاں پانی چوری کرنا شروع کردیا۔
نئی یہودی کالونی کی تعمیر شروع‘ فلسطینی آبی وسائل پر قبضہ
القمر
