میکسیکو سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو کی شمال وسطی ریاست گیاناجوٹو میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے مرکز پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 24افراد ہلاک اور 7زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ایراپیوٹو شہر میں پیش آیااور زخمیوں میں سے 3کی حالت تشویش ناک ہے۔ حملہ آوروں نے بحالی مرکز میں گھس کر وہاں موجود تمام افراد کو گولیوںکانشانہ بنایا اور کسی کو یرغمال نہیں بنایا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق شہر جلیسکو کارٹیل اور ایک مقامی گینگ کے درمیان میدان جنگ کا میدان بنا ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں منشیات کے گروہ ملوث ہیں۔ میکسیکو کے منشیات فروش گروہ بحالی مرکز کو دشمن سمجھتے ہیں اور پہلے بھی وہ حریف گروہوں کو ہلاک کرچکے ہیں۔ 2010 ء میں بھی شمالی میکسیکو کے شہر چی ہواہوا میں بحالی مرکز پر حملے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ میکسیکو میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز کو سخت خطرات کا سامنا ہے۔ اکثر مراکز غیر قانونی ہوتے ہیں اور انہیں فنڈ کی کمی کا سامنا رہتا ہے۔ حکومت بحالی پر بہت کم رقم خرچ کرتی ہے جس کی وجہ سے اکثر غیر رجسٹرڈ مراکز کو غریب خاندانوں کے لیے واحد راستہ تصور کیا جاتا ہے۔
میکسیکو: مسلح افراد کا منشیات بحالی مرکز پر حملہ‘ 24 ہلاک
القمر
