


واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عوام پر ماسک پہننے کی پابندی کے لیے ہدایات جاری نہیں کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب معروف امریکی ماہر ڈاکٹر فاؤچی نے زور دیا ہے کہ عالمی وبا کی روک تھام کے لیے حکومتوں اور مقامی سطح پر رہنماؤں کو زور دینا ہو گا کہ عوام ماسک پہنیں، خواہ اس کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ابتدا میں خود ماسک کے استعمال پر مزاحمت کی تھی، تاہم گزشتہ ہفتے کو انہوں نے پہلی مرتبہ عوامی سطح پر ماسک استعمال کیا تھا۔ گزشتہ روز فاکس نیوز سے گفتگو کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے متفق نہیں کہ قومی سطح پر ماسک کا استعمال لازم قرار دیا جائے۔ لوگوں کے پاس کچھ آزادی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ ماسک پہننا چاہیے، لیکن میں اس بات سے اتفاق نہیں کر سکتا کہ ہر شخص ماسک پہنے، کیوں کہ پہلے کہا گیا ماسک نہ پہنیں، پھر اچانک سب کہنے لگے کہ ماسک پہنیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر نے حریف سیاسی جماعت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹ رہنما بے وقوفوں کی طرح شہروں میں حکومت کررہے ہیں اور پولیس کا دفاع کرنے کے لیے شہروں میں تشدد بڑھایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور جمعہ کے روز ہی 77 ہزار 600 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو چین کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے ڈبلیو ایچ او سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اعلان سے قبل انہوں نے اس ادارے کے لیے فنڈنگ بھی روک دی تھی۔
