اسلام آباد/ کراچی( نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک+اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے حکومت نے بروقت فیصلوں اوربہترینحکمت عملی کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پا لیا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میںوائرس سے مزید10ہزار افراد صحتیاب ہوگئے ، مریضوں کی تعداد53652رہ گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابقصحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ملک میں حفظان صحت کے بنیادی مراکز کے ذریعے صحت کی یکساں سہولیات کی فراہمی کے نظام میں بنیادی اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور بھرپور کوششوں کے نتیجے میں حکومت نے بروقت فیصلوں، اسمارٹ لاک ڈاؤن، کورنٹائن کی حکمت عملی، تشخیصی ٹیسٹ اور قواعد وضوابط پر عملدرآمد کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پا لیا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آج ملک میں صحت کے شعبے میں درپیش مسائل ماضی کی تمام حکومتوں کی اجتماعی ناکامی کا نتیجہ ہے، جنہوں نے عوام کے لیے صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کو ہرگز ترجیح نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہے۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاکستان کی تیاری اور حکمت عملی کا دنیامیں اس سلسلے میں اختیارکیے گئے بہترین احتیاطی اقدامات میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان اسپتالوں کو خود مختار بنا رہے ہیں۔علاوہ ازیںپاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے صرف ایک ہزار 579 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 46 افراد کا انتقال ہوا ہے ۔ملک بھر میں 2 لاکھ 4 ہزار 276 افراد کورونا وائرس کو شکست دے کر مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 53652 زیر علاج ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار 559 ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں کورونا کے 17 لاکھ 21 ہزار 660 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 568 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں 2 ہزار 79، سندھ میں ایک ہزار 974، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 139، اسلام آباد میں 157، بلوچستان میں 131، آزاد کشمیر میں 47 اور گلگت بلتستان میں 41 افراد اس وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 238 ، پنجاب میں 89 ہزار 793 ، پختونخوا میں 31 ہزار 890، بلوچستان میں 11 ہزار 424 ، اسلام آباد میں 14 ہزار 576 ، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 888 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 807 ہے مجموعی طور پر ملک بھر میں کیسز 2 لاکھ 63 ہزار 496 تک پہنچ گئے۔ مزید برآںوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7977 نئے ٹیسٹ کیے گئے ، 889 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہ شرح 11 فیصد تک آ چکی ہے اورمزید 19 افراد اس وبا سے انتقال کرگئے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ صحتیابی کی شرح 81 فیصد پر آگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر عمل کرکے سلامت رہیں۔
کورونا وبا پر قابو پالیا،ظفر مرزا کا دعویٰ ۔مزید 10ہزار مریض صحتیاب ،تعداد 53652 رہ گئی
القمر
