


اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے مالی، سیاسی اور انتظامی طور پر خود مختار ہونے تک کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔منگل کووزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی صورتحال سمیت 13 نکاتی ایجنڈا پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 140 اے بلدیاتی نمائندوں کے مالی، سیاسی اور انتظامی طور پر خود مختاری کی بات کرتا ہے جب کہ وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 140 اے
پر اس کی روح کے مطابق مکمل عمل درآمد کی حامی ہے۔عمران خان نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل آرٹیکل 140 اے کے تحت دائر پٹیشن کی جلد سماعت اور فیصلے کے لییعدالت عظمیٰ سے فوری طور پر استدعا کریں۔قبل ازیں وفاقی کابینہ نے پیٹرول بحران پر کمیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے ممبران اور سربراہ کا تعین جلد کرلیا جائے گا جبکہ 10لاکھ ٹن گندم درآمدکا فیصلہ کیا گیا ہے،اجلاس کے شرکاء نے چینی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کر کے منطقی انجام تک پہنچانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم عمرا ن خان کا کہنا ہے قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہوگا۔ کابینہ ارکان نے نیوی کلب سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے معاملہ سی ڈی اے کو بھجوا دیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ کابینہ ارکان کو معاشی اشاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،ملکی موجودہ صورتحال اورکورونا وائرس کے باعث ہونے والے نقصان پر بھی بریفنگ دی گئی ،میڈیا ہائوسز کے واجبات کی ادائیگی پر بھی کابینہ کو تفصیلی آگاہ کیا گیا ،کابینہ ارکان کو عید سے پہلے مارکیٹوں کی بندش پر اعتماد میں لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول بحران میں ملوث افراد کو منطقی انجام تک پہنچانے کا اعادہ کیا۔وفاقی کابینہ کوچینی کی دستیابی کے حوالے سے بریفنگ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ چینی بحران ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے، ذخیرہ اندوزی کیخلاف چھاپے مارے جائیں گے اور اس حوالے سے صوبائی حکومتیں فوری اقدامات اٹھائیں۔کابینہ اجلاس میں پی آئی اے کے چارٹر لائسنس اورایریل ورک کی تجدید کی منظوری دے دی ہے۔اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق واپڈا چیئرمین اورممبران کے تقرر کے لیے قواعد وضوابط کا معاملہ موخرکردیا گیا۔کابینہ نے یونیورسل سروس فنڈ کمپنی کیسی ای اوکی تعیناتی کی منظوری دے دی۔اسلام آباد میں گھروں میں کام کرنے والے ورکرز کے تحفظ کا بل کی بھی منظوری دی گئی ہے وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے 22 جولائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ ۔وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کوکنٹرول کرنے کے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو آن لائن قربانی کو ترجیح دینا ہوگی ،تدبر، احتیاط اور عوام کے تعاون سے کورونا کیسز میں کمی آئی ہے،کچھ دن مزید احتیاط کرنے سے سب محفوظ ہو جائیں گے،صور تحال بہتر ہونے پر کاروبار دوبارہ کھول دیے جائیں گے،وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کوکورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی اور محرم الحرام میں حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں، عید الاضحی کے دنوں میں عوام گھروں سے باہر ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کے لیے خصوصی پیغام میں کہا کہ 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منایاجائے گا، میرے ساتھ اراکین قومی اسمبلی، سینیٹ اور دیگر لوگ بھی اس میں شامل ہوں گے، ہمیں اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا، ٹائیگر فورس شجر کاری مہم میں حصہ لے گی، ہر شخص کو شجرکاری میں حصہ لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حدت سے بچنے کے لیے ہمیں کام کرنا ہو گا۔ ہم ایک دن میں ریکارڈ درخت لگائیں گے جو افراد اس مہم کا حصہ بننا چاہتے ہیں وہ وزیراعظم پورٹل میں اپنی رجسٹریشن کرائیں ۔ رضاکاروں کو پودوں کی فراہمی سمیت دیگر امور پر مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔مزید برآں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے اور ٹیلی کام شعبے سے متعلقہ امور پر غور کرنے کے لئے منگل کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا شفقت محمود، محمد حماد اظہر، امین الحق، اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی تانیہ ایدرس، سیکرٹری انفارمیش ٹیکنالوجی ڈویژن، چیئرمین پی ٹی اے ، سی ای او یونیورسل سروس فنڈ و دیگر حکام شریک ہوئے۔ طالب علموں تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی اور سستے پیکیج کی فراہمی کے حوالے سے بھی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک کے پس ماندہ علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ کی کوریج کو یقینی بنانے کے حوالے سے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
