واشنگٹن: عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں بچوں میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد بارہ سال سے زائد عمر کے بچوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کردی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ابھی کم معلومات ہیں کہ بچوں میں یہ وائرس کیسے منتقل ہورہا ہے تاہم یہ شواہد موجود ہیں کہ کم عمر بچوں سے یہ دوسروں میں اسی طرح منتقل ہوتا ہے جیسے بالغوں سے منتقل ہوتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 15 سے 24 سال کے افراد میں کرونا کا پھیلاؤ تین گنا زیادہ دیکھا گیا۔ ماہرین نے نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پارٹی اور تفریحی منصوبہ بندیاں ترک کردیں۔
ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر برائے یورپ ڈاکٹر ہانس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے مقابلے میں بڑے عمر کے افراد کرونا سے زیادہ ہلاک ہوئے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وائرس کم عمر افراد کے لیے ختم ہوگیا ہے۔

