English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا کو چین کے ایٹمی ہتھیار دگنے ہونے کا خوف

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اپنی ایک رپورٹ میں خدشاہ ظاہر کیا ہے کہ چین آیندہ 10 برس میں اپنے ایٹمی ہتھیار دوگنا کر لے گا۔ کانگریس کے لیے منگل کے روز جاری کردہ ’’چین کی فوجی طاقت‘‘ سے متعلق اس سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین اپنی فوجی طاقت 2049ء تک امریکا کے برابر یا اس سے بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے، تاکہ وہ خطے میں سب سے بڑی طاقت بن سکے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت چین کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد 200 سے زائد ہے، جو ایسے بیلسٹک میزائلوں پر نصب ہو سکتے ہیں جن کی مار امریکا تک ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ڈپٹی سیکرٹری چاڈ سبراجیا نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پینٹاگون نے رپورٹ میں چین کے ایٹمی ہتھیاروں کی درست تعداد ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس تعداد اور چین کی ایٹمی صلاحیت کو بڑھانے کے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا کے پاس اس وقت 3800 سے زائد ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ یہ چین کی ایٹمی صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے۔ امریکا کے پاس ان ایٹمی ہتھیاروں کو ہدف تک پہنچانے کے لیے آبدوزیں، جہاز اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔ چین اس وقت فضا سے ایٹمی ہتھیار بھیجنے کی صلاحیت سے محروم ہے، مگر پینٹاگون کی رپورٹ کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے گزشتہ برس فضا سے فضا میں مار کرنے والے ایٹمی جنگی طیارے کی نمایش کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے