لاہور(جسارت نیوز)چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز نا جیتنے پر افسوس ہے،30 کھلاڑی تیاری کے بغیر گئے تھے، اس کے باوجود مجموعی طور پر کارکردگی قدرے بہتر ہی رہی ، ہر چیز میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے مجموعی طور پر اپنے ویژن پر نوجوان کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنا ہے، جیسی کرکٹ ہم کھیل رہے ہیں اس کے باوجود نتائج ہمارے حق میں نہیں آرہے، بابر اعظم پاورفل ہے، بطور کپتان اپنے فیصلے خود کرتا ہے،محمد حفیظ، شعیب ملک اور وہاب کی کارکردگی ایسی ہے کہ ورلڈکپ تک چل سکتے ہیں۔ گزشتہ روزقذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز نہ جیتنے کا پچھتاوا ہے، انگلینڈ کا دورہ بہت اہم تھا کیونکہ کرکٹ کئی مہینوں تک بند تھی، بطور ٹیم اور کوچ اس سیریز کے ہارنے پر افسوس رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 کھلاڑی تیاری کے بغیر گئے تھے، اس کے باوجود مجموعی طور پر کارکردگی قدرے بہتر ہی رہی جب کہ غیر معمولی صورتحال میں دورہ کرنے پر انٹرنیشنل میڈیا نے ہماری ٹیم کو اسپورٹنگ ٹیم کہاجو مثبت چیز ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ حیدرعلی کو بھی ہم ہی لائے، سینئرز اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے آرہے تھے، حیدر کے بیٹنگ نمبر کی وجہ سے انہیں پہلے نہیں کھلا سکے، حفیظ جب اعتماد میں دکھائی دیے تو ان کو موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کہا جاتا ہے پاکستان کے پاس فائر پاور نہیں، ہم نے 2 میچز میں 190 رنزسے زیادہ اسکور کیا، بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں تاہم چیزیں آہستہ آہستہ مزید بہتر ہوں گی۔ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہر چیز میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے مجموعی طور پر اپنے ویژن پر نوجوان کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنا ہے، جیسی کرکٹ ہم کھیل رہے ہیں اس کے باوجود نتائج ہمارے حق میں نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بہت زیادہ مصروف تھا، بطور سلیکٹر ملک میں ڈومیسٹک معاملات میں نہیں دیکھ سکتا تھا، ندیم خان کے ساتھ بیٹھ کر اب معاملات زیر بحث لاؤں گا، ڈومیسٹک سیزن شروع کرنے کے لیے کوچز کی تعیناتی بھی ضروری تھی۔ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں جو مرکزی کردار تھا اوپر جانے کا اس میں شاداب، فخر، حسن کا کردار تھا، ٹاپ پرفارمر کھلاڑیوں کی انجریز کے بعد ٹیم کا مورال ڈاؤن ہوا، ہمارے اینالسٹ خامیوں اور کوتاہیوں کو نوٹ کررہے ہیں، ٹیم میں ناتجربہ کاری بھی ایک وجہ ہوسکتی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوگی، چھوٹی چھوٹی خامیاں ہیں جنہیں دور کرنا ہے، جب نتائج آپ کے حق میں نہیں آتے تو قدرتی طور پر افسوس ہوتا ہے، ہمیشہ جب ہم لیڈ کررہے ہوتے تھے تو بارش ہوجاتی تھی۔چیف سیلیٹر نے کہا کہ بابر اعظم پاورفل ہے، بطور کپتان اپنے فیصلے خود کرتا ہے، 2 نوجوان بولرز کے ساتھ محمد عامر کو بطور سینیئر میدان میں اتارا گیا تھا جب کہ محمد حفیظ، شعیب ملک اور وہاب کی کارکردگی ایسی ہے کہ ورلڈکپ تک چل سکتے ہیں، 40 سال عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا جب کہ ورلڈ کپ تک بہترین 15 کھلاڑی ہمارے سامنے ہوں گے۔
ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کارکردگی پر افسوس ہے،مصبا ح الحق
القمر
