English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا کے باعث 40 فیصد بھارتی ذہنی مریض بن گئے

القمر

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا سے بھارت میں جہاں متاثرین اورہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، وہیں ایک سروے کے مطابق کووڈ 19 سے 40 فیصد افراد بے چینی اور ڈپریشن جیسے عمومی ذہنی امراض کا شکار ہوگئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں حکومت نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے بہت سخت پابندیاں عائدکی تھیں، اس کے باوجود اب تک 42 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر اور 72 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انڈین سائیکیٹرک سوسائٹی (آئی پی ایس) کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے کے بعد متنبہ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ذریعہ معاش ختم ہوجانے، اقتصادی مشکلا ت میں اضافہ ہونے، الگ تھلگ پڑے رہنے اور گھریلو تشدد میں اضافہ کے نتیجے میں بھارت میں ذہنی امراض کا ایک نیا بحران پیدا ہوسکتا ہے اور اس سے خود کشی کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ کووڈ 19 سے پہلے بھی جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں خود کشی کی سب سے زیادہ تعداد بھارت میں تھی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق بھارت میں فی ایک لاکھ افراد پر خودکشی کی شرح 16.5 فیصد ہے جب کہ سری لنکا میں 14.6 فیصد اور تھائی لینڈ میں 14.4 فیصد ہے، جو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں لیکن کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے خودکشی کے سلسلے میں ماہرین کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔بھارت کے سینٹر فار مینٹل ہیلتھ لا اینڈ پالیسی کے سربراہ سومترا پتھارے نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا بحران جلد ختم ہوتا دکھائی نہیں دیتا ہے اور لوگوں کے صبر کا پیمانہ ٹوٹنے لگاہے۔ مجھے تشویش ہے کہ ہمیں ذہنی صحت پر اس کے مضمرات جلد ہی دیکھنے کو ملنے لگیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے