راولپنڈی: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کر دی۔
نجی نیوز ٹی وی کے مطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت جج اعظم خان کی۔ سماعت میں آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت کے ابتدا پر احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کردی۔
جج اعظم خان نے آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ آپ نے چارج شیٹ پڑھنی ہے تو پڑھ لیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان صحت جرم سے انکار کر رہے ہیں؟ جس پر بتایا گیا کہ آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اختیار ہوتا ہےکہ سمری کی منظوری دے، نیب نے اختیارات کے غلط استعمال کا غلط ریفرنس بنایا۔
بعدازاں یوسف رضا گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ میں نے کبھی قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، قانون کے مطابق جو سمری آئی اسے منظور کیا، اگر سمری غلط ہوتی تو سمری موو ہی نہ ہوتی۔
احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے
عدالت نے 7 روز میں نواز شریف کی پراپرٹی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
خیال رہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری پر توشہ خانہ سے تحائف میں ملی گاڑیاں ذاتی استعمال میں لینے جب کہ یوسف رضا گیلانی پر گاڑیاں دینے کی سمری منظور کرنے کا الزام ہے۔

