برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین نے ماضی کی روش کو برقرار رکھتے ہوئے ترکی کے اندرونی معاملات میں ایک بار پھر مداخلت کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی یونین نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی جمہوریت کو مسلسل کمزور کررہا ہے، جس کے نتیجے میں اس کے یورپی یونین میں شامل ہونے کی امیدیں ماند پڑتی جا رہی ہیں۔ یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت خود اپنی معیشت برباد کرنے کا باعث بن رہی ہے جب کہ آزاد عدلیہ کا نظام بھی مجروح کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی آزادی اظہار رائے کا فقدان اور جیلوں کی صورت حال بگڑتی جار ہی ہے۔ دوسری جانب ترکی نے یورپی کمیشن کے الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس کی رپورٹ بھی مفروضات پر مبنی، غیر پائیدار اور دہرے معیار کی عکاسی ہے۔ ترک دفتر خارجہ کے مطابق یورپی رپورٹ میں خود اپنی ذمے داریوں اور ضمانتوں کا ذکر نہیں کیا گیا جب کہ بے بنیاد الزامات عائد کرکے ترکی کے اندرونی معاملات پر تنقید کی گئی ہے، جو کمیشن کی غیر جانبداری پر ایک سیاہ دھبے کے مترادف ہے۔
یورپی کمیشن کی ترکی کے اندرونی معاملات پر ہرزہ گوئی
القمر
