English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میانمر : انتخابات سے قبل بھارت کی پر اسرار پھرتیاں

القمر

 

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت نے میانمر میں 8 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل پُراسرار انداز میں پھرتیاں دکھانا شروع کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل ایم ایم ناروانے وزیر خارجہ ہرش وردھن شرنگلہ نے حال ہی میں میانمر کا دورہ کیا ہے،جس میں روہنگیا مسلمانوں کی قاتل نیپیداؤ حکومت سے تعلقات بڑھانے میں گرم جوشی کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ بھارت کی اعلیٰ قیادت نے میانمر کا دورہ کیا ہو۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میانمر کی حکومت اس وقت چین کے زیر اثر ہے، تاہم بھارت بیجنگ سے کشیدگی کے باعث خطے میں اپنے سفارت تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے تمام تر توانائی صرف کررہا ہے۔ چین نے ون بیلٹ ون روڈ کے نام سے تجارتی منصوبہ شروع کررکھا،جس پر بھارت کو شدید تحفظات لاحق ہیں۔ 1700 کلومیٹر طویل اقتصادی راہداری چینی صوبے یووان سے شروع ہوتی ہے اور میانمر کے جنوب مغربی علاقے میں ختم ہوتی ہے۔ گو کہ بیجنگ اس اقتصادی راہداری کو صرف تجارتی و کاروباری مقاصد قرار دیتا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بیجنگ سے بھارت کی مغربی اور مشرقی سرحدوں پر اپنی موجودگی کو مضبوط کرلیا ہے۔ دوسری جانب مسلمانوں کے قتل عام کے باعث عالمی برادری کی جانب سے میانمر پر شدید تنقید کی جاتی ہے،جب کہ چین اس کا بھرپور حامی ہے، تاہم بھارتی اعلیٰ حکام کے دورے کی صورت میں نیپیداؤ حکومت کو اپنی گھناؤنی کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایک نیا حمایتی مل گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ میانمر حکومت کی سوچ یہ ہے کہ اگر بھارت اور چین اسے اپنی جانب راغب کرنے کے لیے مقابلہ کرتے رہیں تو فائدہ ہر صورت میں میانمر ہی کو پہنچے گا۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابات کے بعد بھی ان کی پالیسی یہی ہوگی کہ دونوں ممالک کے ساتھ برابر تعلقات رکھے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے