English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

افغانستان میں فوجی چیک پوسٹوں پر حملوں میں 11 اہلکار ہلاک

القمر

کابل (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان جنگجوئوں کے 2 صوبوں کی سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں کے نتیجے میں11 اہلکار ہلاک جب کہ 12 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان جنگجوئوں نے قندوز کے علاقے میں فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 فوجی اور 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 5 فوجی اور 4 پولیس اہلکار زخمی ہیں۔ اسی طرح ہلمند کے علاقے میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 3 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ افغان سیکورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں طالبان کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس دوران 5 سے زاید طالبان مارے بھی گئے۔ مقامی طالبان کمانڈرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر حملے کی تصاویر شیئر کیں اور حملوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے تاہم سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے جنگجوئوں کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔ علاو ہ ازیں افغانستان میں اعلیٰ مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ امریکی فوجی دستوں کے قبل از وقت انخلا کا منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ بیان امریکی صدر کے اس بیان کے رد عمل میں دیا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان میں بقیہ امریکی دستوں کو کرسمس سے قبل واپس بلایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ نے اس ضمن میں کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں حتمی فیصلہ فوجی اتحاد کو مل کر کرنا چاہیے۔ دریں اثنا امریکی صدر کے افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کے بیان پر پینٹاگون نے ابھی تک کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ وزیر دفاع مارک ایسپر سے ایک تقریب کے دوران اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے بھی اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ مارک ایسپر کے ترجمان، جوائنٹ چیفس چیئرمین جنرل مارک ملے اور امریکی سینٹرل کمان نے صدر ٹرمپ کے بیان پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے امریکی نشریاتی ادارے سے کہا ہے کہ اس حوالے سے وائٹ ہائوس سے رابطہ کیا جائے جبکہ ایک فوجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ٹوئٹ محض ابتدائی لفظ ہے تاہم ہر کوئی افغانستان سے فوجی انخلا کو تیز ہوتے دیکھ رہا ہے۔فوجی عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کا آفس افغانستان سے فوجی انخلا سے متعلق پینٹاگون کی پالیسی ٹیم کی ہدایات کا منتظر ہے تاکہ مزید گائیڈ لائنز فراہم کی جا سکیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے