سکھر (نمائندہ جسارت) ملک ویلفیئر کمیونٹی سکھر کے صدر محمد آصف ملک نے کہا ہے کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھرمیں ٹریفک جام کا مسئلہ ناسور کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، شہر کے اہم تجارتی مراکز اور شاہراہوں پر ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے، کئی کئی گھنٹے لمبی قطاریں لگنے سے شہری اور بیرون شہر سے آنیوالے خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، انتظامیہ فوری طور پر ٹریفک جام کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کر کے ٹریفک جام کے عذاب سے شہریوں کو نجات دلائے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے اپنے دفتر میں شہر کے مختلف علاقوں سے آنیوالے معززین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبدالستار شیخ، جلال الدین محمود، ایم طاہر ملک، عمر دراز ملک، محمد اشرف ملک، محمد فہیم، محمد اشفاق ملک، عبدالحمید پپو، محمد عمر و دیگر بھی موجود تھے۔ محمد آصف ملک کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے زبانی کلامی دعوے، اقدامات تو کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا، شہر میں پارکنگ ایریا نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ پر گاڑیوں کے پارک ہونے اور ٹیکسی اسٹینڈ قائم ہونا بھی ٹریفک جام کا سب سے بڑا سبب ہے، اس جانب انتظامیہ کو سنجیدگی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ زبانی کلامی، دعوئوں، اقدامات کو چھوڑ کر ٹریفک جام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر اقدامات اٹھائے تاکہ ٹریفک جام کے عذاب سے شہریوں کو نجات دلائی جاسکے۔
سکھرمیں ٹریفک جام کا مسئلہ ناسور کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے
القمر
