English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہنگائی پر وزرا کی ایک دوسرے پر تنقید ۔ اب پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی ، وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

 

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں مہنگائی کے حوالے سے ایک دوسرے پر تنقید، نومبر دسمبر میں آٹا مزید مہنگا ہوسکتا ہے، بتایا جائے ادویات کیوں مہنگی ہوئیں،وزرا نے مہنگائی میں اضافے کیخلاف ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے وزرا کو مہنگائی میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کرے گی۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے تمام سرکاری مشینری متحرک کریں گے۔ کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو اشیا کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ اب ہماری پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی۔ ساری صورتحال خود مانیٹر کر رہا ہوں، دیکھتے ہیں اب مافیا کیا کرتا ہے؟اجلاس کے دوران شیخ رشید نے کابینہ کو خدشے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نومبر، دسمبر میں آٹا مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
بتایا جائے ادویات کیوں مہنگی ہوئیں؟ ادویات مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگوں کی باتیں سننا پڑتی ہیں۔ اس پر معاون خصوصی فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے معاملات بہتر کرنے کا کہہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزرا کی نوک جھونک کی روایت برقرار رہی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مضبوط ٹیم بنائیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ندیم بابر اور عمر ایوب پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ذمے دار آپ لوگ ہیں۔ یہاں فیصلے کچھ ہوتے ہیں اور بجلی گیس میں ریلیف نہیں ملتا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے امپورٹ ایکسپورٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 2020ء، پی آئی اے بورڈ کے لیے ڈائریکٹرز کی نامزدگی، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ افریقی ملک کے لیے امدادی سامان بھیجنے پر غور کیا گیا جبکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مسائل کے حل کے لیے کابینہ کمیٹی کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں سرکاری اداروں کے سربراہان کو ایڈیشنل چارج دینے کے معاملے پر غور جبکہ سی ڈی اے کا بجٹ تخمینہ 21-2020ء کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔علاوہ ازیںوزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور گندم و چینی کی دستیابی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جانے والی گندم میں مزید اضافہ کیا جائے جبکہ وزیراعظم نے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے تجویز کردہ انتظامی اقدمات کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی ہر ممکن فراہمی کے لیے انتظامی اقدام اٹھایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے