شمالی امریکی ملک میکسیکو کے سابق وزیر دفاع کو منشیات فروشی کے الزام میں امریکا میں گرفتار کرلیا گیا۔
2012 سے 2018 تک میکسیکو کے وزیر دفاع رہنے والے سلواڈور کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی فیملی کے ہمراہ امریکا میں تھے۔ سلواڈور کو لوس انیجلس ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔
میکسیکو کے وزیر خارجہ نے اپنے ردِ عمل میں ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ”سلواڈور پر لگائے گئے الزام کے حوالے سے لاس انیجلس میں تعینات میکسیکن سفیر کچھ گھنٹے میں تفصیلات فراہم کرے گا۔ ہم قونصلر امداد پیش کریں گے جس کا سلواڈور حقدار ہے”۔
میکسیکو کے ایک تحقیقاتی جریدے نے امریکی محکمہ انصاف کے ذرائع کا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق وزیر دفاع کی گرفتاری طویل عرصے سے جاری منشیات فروشی کی تحقیقات کا حصہ ہے۔
میکسیکو حکومت کے عہدے دار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر وال اسٹریٹ جرنل اخبار کو بتایا ہے کہ سلواڈور کو امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے حکم پر گرفتار کی گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے سلواڈور کی گرفتاری سے متعلق تصدیق نہیں کی۔
سلواڈور میکسیکو کے دوسرے وزیر ہیں جنہیں امریکا میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس ست قبل 2019 میں عوامی سلامتی کے وزیر جینارو لونا کو امریکی ریاست ٹیکساس میں رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

