English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مائکروسافٹ اور دیگر ٹیک کمپنیوں نے اسرائیلی جاسوسی ادارے کیخلاف محاذ بنا لیا

معروف ٹیک کمپنیاں گوگل، ڈیل، مائکروسافٹ اور سسکو نے فیس بُک کے ساتھ مل کر آن لائن صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے والے اسرائیلی ادارے این ایس او کیخلاف مشترکہ قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اسرائیلی نیوز ایجنسی کے مطابق گذشتہ سال فیس بک اور اُس کی ماتحت ایپ واٹس ایپ نے این ایس او گروپ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس میں اس نے یہ الزام لگایا تھا کہ این ایس او اپنی خفیہ کردہ میسجنگ سروس کے ذریعے 1،400 صارفین کا ڈیٹا مس کالوں کے ذریعے چوری کرچکا ہے جن میں اعلی حکومتی عہدیدار ، صحافی اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے کارکنان شامل ہیں۔

سائبرسیکیوریٹی واچ ڈاگ سیٹیزن لیب کی رپورٹ کے مطابق قطر کی سرکاری میڈیا کمپنی الجزیرہ کے درجنوں صحافیوں کو این ایس او نے اسپائی ویئر کا نشانہ بنایا اور اُن کے ڈیٹا سے حاصل شدہ معلومات سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو فراہم کیں جبکہ سعودی حکومت نے ان الزامات پر خاموشی اختیار کرلی ہے۔

پولیس اور سرکاری اداروں کو معلومات فراہم کرنے کے این ایس او کے دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے کمپنیوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس یہ ٹیکنالوجی انہتائی خطرناک ہے جس کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں الجزیرہ نیوز ایجنسی کے ایک اینکر نے این ایس او کیخلاف امریکہ میں ایک اور مقدمہ دائر کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ این ایس او گروپ نے اُس کا فون ہیک کیا اور اُس کا ڈیٹا چوری کرکے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو بھیجا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے