English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ بند کی جائے ، وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو احتجاجی خط

القمر

 

کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو احتجاجی خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ بند کی جائے۔وزیراعظم کوارسال کیے گئے خط میں سندھ میں گیس کی موجودہ صورتحال پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ گیس کی قلت کے باعث نہ صرف گھریلو بلکہ تجارتی صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس سے صوبے کی معیشت ، صنعتیں اور گھر بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو گیس کی بندش آئین کے آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی ہے،اس آرٹیکل کے تحت سندھ کے لوگوں کو سندھ میں 3000 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائدپیدا ہونے والی گیس ترجیحی بنیادوں پر دینی چاہیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کی اس اہم مسئلے کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلے کے تدارک کے لیے متعلقہ وزارت کو ہدایت جاری کریں کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ سندھ کو اس کی ضروریات کے مطابق اور آئین کے
آرٹیکل 158 کے تحت گیس فراہم کی جا ئے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ ملک کا سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے اس کے باوجود صنعت کاروں کے ساتھ گھریلو صارفین گیس کے لیے بہت پریشان ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ملک میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے بریفنگ لینے کے لیے توانائی کے امور پر اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی، مشیران اور سیکرٹریز شریک ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے