کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے نیب اور کرمنل کیسز کا سامنا کرنے والے افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں کرپٹ افسران کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیب زدہ سرکاری افسران تاحال اپنے عہدوں پر کام کررہے ہیں، ایسے افسران کو سرکاری عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، کرپشن ، کرمنل کیسز کے افسران مقدمات سے بری ہونے تک کام نہیں کرسکتے۔جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کیسز کا سامنا کرنے والے افسران کو عہدوں سے کیوں نہیں ہٹایا گیا، کئی افسران کے خلاف کارروائی طویل عرصے سے مکمل نہیں ہوئی، کئی افسران ترقی سے محروم رہے۔عدالت نے کرپٹ افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی فوری مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سے آئندہ سماعت 14جنوری کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے تجاوزات کے خلاف عدالت عظمیٰ کے احکامات پرغیرقانونی تعمیرات گرانے پرحکم امتناع دینے سے انکار کردیا۔جمعرات کوتجاوزات کے خلاف عدالت عظمیٰکے احکامات کی سندھ ہائیکورٹ میں بھی گونج سنائی دی۔سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سب سن لیں ناجائزتعمیرات گرانے کے خلاف حکم امتناع نہیں ملے گا۔عدالت عالیہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ احکامات کے بعد کوئی حکم امتناع جاری نہیں کریں گے۔

