کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ پیٹرولیم اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ وزیر اعظم کی طرف سے قوم کے لیے نئے سال کا تحفہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ وزیر اعظم ایک طرف ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں اور دوسری طرف پیٹرول اور ایل پی جی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہی عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے ، غریب عوام کا کوئی پُرسان ِ حال نہیں ہے ۔
حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں 15دن قبل بھی اضافہ ہوا تھا اور اب پھر پیٹرول 2روپے 31پیسے اور ڈیزل پر ایک روپے 50پیسے بڑھا دیئے گئے ہیں ۔ جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی 16روپے فی کلو کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے ۔
امیر کراچی نے مزید کہاکہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور سی این جی کی عدم فراہمی کے باعث گھریلو و صنعتی صارفین اور سی این جی سیکٹر سے وابستہ افراد پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں ایل پی جی بند ہونے سے مسائل مزید بڑھ جا ئیں گے ۔

