English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت چین سے جنگ کا متحمل نہیں ، امریکی جریدہ

القمر

 

لاہور (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی جریدے فارن پالیسی نے چین کے ساتھ لداخ میں کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی ناکامی کا پول کھول دیا۔ جریدے کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ کشمکش میں بھارتی فوج کو لینے کے دینے پڑگئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت چین کو پیچھے دھکیلنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، بدترین معیشت والا ملک طویل جنگ لڑنے کے قابل نہیں۔ امریکی جریدے فارن پالیسی میگزین کے مطابق بھارت اور چین کے درمیان لداخ کا تنازع برقرار ہے۔ گزشتہ سال مئی میں شروع ہونے والے بحران نے جون کے وسط میں سنگین صورتحال اختیار کرلی تھی۔ دونوں ممالک کی افواج میں تصادم کے دوران 20 بھارتی اور کئی چینی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ 6 نومبر کو دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا آخری دور بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔ ہمالیہ کے سرد ترین مقام لداخ میں دونوں ممالک کی افواج اب بھی ایک دوسرے کے سامنے کھڑی ہیں۔ جریدے کے مطابق بھارت کی جانب سے معاشی پابندیاں چین کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ بھارت کسی بھی فوجی تنازع کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ چین کے ساتھ جنگ سے بھارت کو اپنے آزاد خارجہ پالیسی سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔ بھارت کے پاس دوسرا آپشن کھل کر دفاعی پوزیشن لینا ہے۔ فوجیوں کی بڑی تعداد کی تعیناتی کا مقصد چین کو مزید پیشرفت سے روکنا ہے۔ سرد ترین موسم، علاقے کا جغرافیہ اور لاجسٹک سپورٹ کے لحاظ سے بھارت چین کی نسبت زیادہ مشکل پوزیشن میں ہے۔ 13 لاکھ سے زائد فوج کے لیے بھارت کو ایک بڑا بجٹ مختص کرنا پڑتا ہے۔ چین کے ساتھ کسی بھی تنازع کی صورت میں بھارت کو مزید بجٹ درکار ہوگا۔ بھارت کی کمزور معیشت اس کی متحمل نہیں۔ بھارتی بحریہ کے بجٹ میں کمی اس کی واضح مثال ہے۔ بھارت 200 جنگی جہازوں کی جگہ صرف 175 جہازوں پر ہی اکتفا کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ لداخ میں دونوں ممالک اب بھی حالت جنگ میں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے