English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ایم سی کا جبری قیام سندھ کے طلبہ کی حق تلفی ہے،جساف

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جئے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن جساف (آزاد) مرکز جئے سندھ، پی ایم سی کی جانب سے ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں سندھ کے طلبہ کی حق تلفی، سندھ سپا کے قافلے پر تشدد جیسے واقعات کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ تین روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا، جساف آزاد کے مرکزی رہنما آزاد حسین سومرو، ڈاکٹر سہتو، فراز کلہوڑو، عامر ویسر ودیگر نے کہا کہ ملک میں رہنے والی قوموں کا ہر سطح پر سیاسی اور اقتصادی استحصال کیا جارہا ہے۔ گزشتہ ماہ ایم بی بی ایس کے داخلہ ٹیسٹ کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن کا جبری قیام کرکے پنجاب بورڈ کے تحت میڈیکل کے داخلہ ٹیسٹ کے ذریعے تین ہزار سے زائد سندھ کے طلبہ کی حق تلفی کی گئی اور 68 فیصد میڈیکل کی سیٹوں پر پنجاب اور دیگر صوبوں کے لوگوں کو دے دی گئیں جو کہ سندھ کے طلبہ کے ساتھ ناروا سلوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن بورڈ کے ممبروں میں کوئی بھی ایک سندھی ممبر نہیں ہے جبکہ ادارے میں سندھ کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ ان اداروں کو سندھ کے طلبہ کے مستقبل کے فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، جس کے باعث سندھ کے میرٹ کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ سندھ کے نمبروں پر دیگر صوبوں کے ڈومیسائل کے حامل طلبہ کو پاس کرنا تعلیمی دہشت گردی ہے، جس کے ذریعے پنجاب کی بالادستی نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے لوگوں کو غائب کیا گیا، جس کیخلاف پُرامن مارچ نکالنے والوں پر اوباڑو میں پولیس کا تشدد اور لڑکیوں کو بھی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا جبکہ قافلے کے لوگوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف ناجائز مقدمات قائم کردیے ہیں۔ ہم اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر مقدمات ختم کیے جائیں، گرفتار افراد کو رہا اور غائب کیے گئے لوگوں کو فوری بازیاب کراکر عدالت میں پیش کیا جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے