جدہ (صباح نیوز)آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن(او آئی سی)کے انسانی حقوق کمیشن نے بھارتی فورسز کے ظالمانہ اقدامات اور آسیہ اندرابی سمیت دیگر حریت رہنمائوں کی حراست کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس کیخلاف بھارت پر دبائو ڈالے۔او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی حکام نے جھوٹے الزامات پر آسیہ اندرابی اور خاندان کے2 افراد کو تہاڑ جیل میں رکھا ہوا ہے۔ بھارتی حکام کی کالے قانون کی آڑ میں ایسی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔ آسیہ اندرابی اور دیگر سیاسی قیدیوں کو منصفانہ ٹرائل کا حق بھی نہیں دیا جا رہا، آسیہ اندرابی اور دیگر کو جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ زیر حراست افراد کو علاج کی سہولت نہ دے کر ان کی زندگی سے کھیلا جا رہا ہے۔ آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی اقدام انسانی حقوق کے عالمی اور انسانی قوانین کے منافی ہے۔ کالے قوانین کے تحت سیاسی کارکنوں اور شہریوں کو گرفتار کرنے پر شدید تشویش ہے۔
