English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اورنگ آباد کو ہندو شخصیت سے منسوب کرنے کا بھارتی اعلان

ممبئی: بھارتی انتہا پسند جماعت کے کارکن اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام بدلنے کے لیے بورڈ پر نیا بینر چسپاں کررہے ہیں (فائل فوٹو)۔

ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ہندوؤں کی انتہا پسند حکمراں جماعت بے جے پی نے ریاست مہاراشٹر کے تاریخی شہر اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی کے صدر چندراکانت پاٹل نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت اورنگ آباد کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوئی تو اورنگ آباد کا نام تبدیل کرکے ’سمبھاجی‘نگر رکھ دیا جائے گا۔ مسلمان بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر سے منسوب اورنگ آباد تاریخی شہر ہے جسے مہاراشٹر کا سیاحتی دارالحکومت بھی کہاجاتا ہے۔ انتہا پسند ہندو اورنگ آباد کو مرہٹہ سردار شیواجی کے بیٹے سمبھاجی سے منسوب کرنا چاہتے ہیں،جو اورنگ زیب عالمگیر کی فوج کے ہاتھوں قتل ہوا تھا۔ بی جے پی رہنما کا کہنا ہے کہ یہ نام ہمارے لیے فخر کا باعث ہے اور الیکشن میں کامیابی کی صورت میں اس پر ضرور عمل کیا جائے گا۔ بی جے پی نے ریاست میں برسراقتدار انتہا پسند جماعت شیو سینا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے اپنا موقف واضح کرے۔ واضح رہے کہ بھارت میں آنے والی متعصب اور متشدد حکومتیں اب تک 100 سے زائد مقامات کے نام تبدیل کرچکیں ہیں۔ ہندو قوم پرست حامیوں کو خوش کرنے کے لیے نریندر مودی نے ناموں کی تبدیلی کی ایک نئی لہر شروع کررکھی ہے۔ اس کا بڑا مظاہرہ 2018ء میں ہوا، جب اتر پردیش میں مشہور ریلوے اسٹیشن مغل سرائے کا نام تبدیل کرکے اسے ہندو رہنما دین دیال اپادھیائے سے منسوب کر دیا گیا۔ اس کے بعد اترپردیش کے شہر الٰہ آباد کا نام پریاگ راج رکھ دیا گیا، جس کا مقصد مسلمانوں کے تشخص کو ختم کرنے کے سوا ور کچھ نہ تھا۔ بعدازاں فیض آباد ضلع کا نام ایودھیہ رکھ دیا، جسے ہندؤں کے رام کی جائے پیدایش قرار دیا جاتا ہے۔ راجستھان میں حکمراں جماعت بی جے پی نے 3دیہات کے نام تبدیل کیے ،جو مسلمان شخصیات سے منسوب تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں 6لاکھ 77ہزار دیہات میں سے 7ہزار سے زیادہ رام اور کرشنا کے نام سے منسوب ہیں۔ اس کے بعد مغل بادشاہ اکبر کے نام پر 234 دیہات ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسلامی ناموں کو ختم کرنے کا مقصد بھارتی مسلمانوں کو اختیار سے محروم کرنا اور ملک کی تاریخ میں ان کے کردار کو ختم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے