English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برطانیہ میں سخت لاک ڈاؤن نافذ، خلاف ورزی پر جرمانہ

لندن: حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سڑکیں اور تجارتی مراکز سنسان پڑے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں مسافر ٹرین میں اکیلا سفر کررہا ہے

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ملک بھر میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی شہریوں کو صرف ضروری کاموں کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی،جن میں ملازمت، علاج، اشیائے خور و نوش کی خریداری شامل ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شہری غیر ضروری طور پر گھر سے باہر پایا گیا تو اسے سخت جرمانے کا سامنا ہوگا،جو 200 پاؤنڈ تک ہوسکتا ہے۔ نئی پابندیوں کے دوران تمام اسکول فروری تک بند رہیں گے اور طلبہ آن لائن پڑھائی کریں گے۔ پابندیوں کا اطلا ق اسکاٹ لینڈ میں بھی ہوگا۔ وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ لاک ڈاؤن اس لیے ناگزیر ہو گیا تھا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم نے شہریوں کو بہت بڑی تعداد میں متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے پابندیوں کو قانون کی شکل دینے کے لیے پارلیمان کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتے ملک کے لیے سخت ترین ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ کورونا وبا سے برطانیہ میں 24گھنٹے کے دوران مزید 400اموات کے بعد مجموعی تعداد 75ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں یومیہ 58 ہزار سے زائد کیس سامنے آرہے ہیں۔ دوسری جانب جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں ممکنہ توسیع کے بارے میں حکومت جلد اعلان کرے گی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ فیصلہ چانسلر انجیلا مرکل کی صدارت میں ہونے والے ایک آن لائن اجلاس میں کیا جائے گا، جس میں 16صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔ یاد رہے کہ موجودہ لاک ڈاؤن کی مدت 10جنوری کو ختم ہو رہی ہے اور امکان ہے کہ اس مدت میں 31جنوری تک توسیع کر دی جائے گی۔ وبائی امراض کی روک تھام کے نگران جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 11ہزار 900نئے کیس ریکارڈ کیے گئے، جب کہ مزید 944افراد ہلاک ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے