English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے مزید52 ہلاک‘میڈیکل یونیورسٹیز کو امتحان لینے سے روک دیا گیا

القمر

اسلام آباد‘کراچی( آن لائن+اے پی پی+ اسٹاف رپورٹر )ملک بھر میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 118 نئے کیسز اور 52 اموات رپورٹ ہوئے جب کہ وزارت قومی صحت سروسز نے رواں ماہ کے دوران ملک بھر کی میڈیکل یونیورسٹیز کو امتحانات لینےسے روک دیا۔وزارت کے ترجمان ساجد شاہ نے بتایا کہ قومی صحت سروسز کے سیکرٹری عامر اشرف خواجہ کی زیرصدارت ایک اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ طب کے شعبے کے امتحانات یکم فروری کے بعد کرائے جائیں گے۔ ساجد شاہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ہر تعلیمی سال کے امتحانات مختلف تاریخوں پر منعقد ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہمیں ہزاروں کالز موصول ہوئیں کیونکہ چند یونیورسٹیز نے رواں ماہ کے آخر تک بند ہونے کے باوجود امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ متعدد میڈیکل طلبہ مطالبہ کررہے تھے کہ انہیں بھی اسی طرح ترقی دی جائے جس طرح پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ کو ترقی دی گئی تھی تاہم اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ پیشہ ورانہ ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو بغیر امتحانات کے ترقی نہیں دی جاسکتی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امتحانات ہوں گے اور یونیورسٹیز کو فروری میں امتحانات لینے کا پابند بنایا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ساجد شاہ نے کہا کہ اس فیصلے کی وجہ سے طلبہ کو امتحانات کی تیاری کے لیے کچھ اور ہفتے ملیں گے۔دریں اثنا این سی او سی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی 52 ہلاکتوں میں سے 45 اسپتالوں میں جاں بحق ہوئے جبکہ 7 اسپتالوں سے باہر دم توڑ گئے۔گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وینٹی لیٹرز پر 313 مریض موجود ہیںجب کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو ایک بیان کہا کہ کورونا وائرس کے مزید 17 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3670 ہوگئی جو اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔علاوہ ازیںمعاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے جمعرات کوفرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز اور ہیلتھ پروفیشنلز ہمارے ہیرو ہیں،کورونا وائرس کی روک تھام میں ان کا کردار مثالی ہے،حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، حکومت فرنٹ لائن ورکرز کی زندگیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے