ٹنڈوالہ یار (آن لائن) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کسی بھی صورت حکومت کرنے کے قابل ہی نہیں چینی کے نرخ کچھ روز کے لیے گرے دوبارہ مہنگی ہوگئی۔عوام بہت جلد نیازی سرکار کا تخت الٹ دینگے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ٹنڈوالہیار میں چھاچرو کے ایم این اے پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ ٹنڈوالہ یار کے کامارو شریف میں ان کے بیٹے امیر علی شاہ سے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سانحہ مچھ پر وفاق سیاست کر رہا ہے، پی ڈی ایم نے تدفین کے حوالے سے کوئی بھی بیان نہیں دیا۔ بلاول ،مریم نواز ہزارہ برادری کے پاس پہنچے تھے متاثرین کے دکھ میں شامل ہونے کے لیے اگر یہ لوگ پہلے دن چلے جاتے تو شہدا کے ورثاء کو تکلیف نہ ہوتی۔ انہوںنے مزید کہاکہ پیر نور محمد شاہ جیلانی تھر میں چھاچچرو کے ایم این اے تھے جو این اے 221 پر شاہ محمود قریشی کو شکست دیکر کامیاب ہوئے انکی موت پر ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مچھ سانحے میں وزیراعظم کو پہلے روز جانا چاہیے تھا، تاخیر سے ہزارہ برادری کے دْکھ میں مزید اضافہ ہوا۔پی ڈی ایم تحریک متحد ہے ،مخالفین غلط قیا س آرائیوں سے تحریک کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش میں ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے استعفوں سے کنارہ نہیں کیا سیاسی حکمت عملی اپنائی ہے ۔مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ ڈالی ہے، بہت جلد پریشان حال عوام کا سمندر نیازی سرکار کا تخت اْلٹ دینگے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں ہے، علی زیدی ودیگر کے بیان سمجھ سے بالاتر ہیں۔ نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ ان کی پارٹی کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے سی اے سی میں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔عمران خان کے دور حکومت میں مہنگائی عروج پر ہے کچھ دن قیمتیں کم کرکے یہ سمجھتے ہیں عوام کو ریلیف دے دیا۔ وفاق کی جانب سے بقایاجات نہ ملنے کی وجہ سے ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہیں۔
