راولپنڈی (خبرایجنسیاں)شمالی وزیرستان میں جھڑپ اور کنٹرول لائن پر فائرنگ کے نتیجے میں 4فوجی جوان شہید ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 2 خفیہ آپریشن کیے، جن میں2 دہشت گرد مارے گئے۔ہلاک دہشت گردوں میں بارودی سرنگیں بنانے والا ماہر بھی شامل تھا۔دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔شہدا میں کرک کے رہائشی سپاہی ازیب احمد، بنوں کے سپاہی ضیا الاسلام اور اورکزئی کے رہائشی لانس نائیک عباس خان شامل ہیں۔واضح رہے کہ 2روز قبل شمالی
وزیرستان کے علاقے اسپِن وام میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔علاوہ ازیں پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے دیوا سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی۔پاک فوج کے جوانوں نے اس کا بھرپور جواب دیا جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچاتاہم فائرنگ کے تبادلے میں گجر خان سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ سپاہی نبیل لیاقت شہید ہوگئے۔یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

